دیوبند 25 ستمبر (ایس او نیوز) دیوبند میں وائرل ڈینگو ملیریا اور ٹائیفائڈ میں مبتلا سینکڑوں طلباء اور اہالیان شہر کی گزشتہ کل عیادت و مزاج پرسی کے بعد آج تنظیم ابناء مدارس ویلفیئر ایجوکیشنل ٹرسٹ کے چیئرمین اور دیوبند اسلامک اکیڈمی کے ڈائریکٹر مہدی حسن عینی قاسمی کی قیادت میں ایک وفد نے شہر کے مختلف اسپتالوں کا دورہ کیا اور بلاتفریق مذھب سینکڑوں ہندو مسلم مریضوں اور طلباء کرام کو متعدد پھلوں اور مشروبات پر مشتمل کٹ تقسیم کیا ۔
مہدی حسن عینی نے بتایا کہ انسانیت کی خدمت ہمارا بنیادی فریضہ ہے،مریضوں کو طبی امداد پہونچانا ہمارا مقصد ہے ابناء مدارس ٹرسٹ اور دیوبند اسلامک اکیڈمی اس سلسلہ میں مستقل کوشاں ہی وفد میں شامل قاری ناصر الدین قاسمی نے بتایا کہ تنظیم دیوبند میں پھیلی وبائی بیماریوں میں مبتلا مریضوں اور طلباء کی مانیٹرنگ کرکے ان کو ہر ممکن مدد پہونچانے کا کام کررہی ہے
اسی سلسلہ میں آج ڈی.کے جین ہاسپٹل، عدنان ہاسپٹل،بھارت چیریٹیبل ہاسپٹل، الحیات ہاسپٹل سمیت شہر کے چھوٹے بڑے اسپتالوں میں جان،لیوا بیماریوں میں مبتلا سینکڑوں مریضوں کے درمیان مقوی پھلوں کے کٹ،مشروبات اور ضروری امداد پہونچائی گئی نیز ایسے نادار طلباء کی شناخت کی گئی جن کی حالت زیادہ مخدوش ہے اور انہیں فوری مدد کی ضرورت ہے اور ان کی امداد کے لئے ایک ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے ۔
وفد نے اس موقعہ پر ڈاکٹر ڈی کے جین اور ڈاکٹر عدنان وغیرہ سے ملاقات کرکے طلباء کے سلسلے میں ضروری بات چیت بھی کی اور ڈاکٹروں سے بیمار طلباء کی جملہ تفصیلات حاصل کی ڈاکٹر ڈی کے جین کے مطابق ان امراض کی بنیادی وجہ گندگی،آلودگی اور تعفن کی وجہ سے پیدا ہونے والے جراثیم ہیں ۔
انہوں نے مدارس کے ذمہ داروں بالخصوص دارالعلوم دیوبند سے اپیل کی ہے طلباء کی رہائش گاہوں،گلیوں اور غسل خانوں میں فاگنگ و بلیچنگ کا کام کیا جائے تاکہ جراثیم کا خاتمہ ہو تنظیم کے فعال رکن مولانا محمود قاسمی بہرائچی نے بتایا کہ تنظیم نے مریضوں کو تین ہیلپ لائن نمبرات بھی دئیے ہیں جن پر رابطہ کرکے ضرورت مند طلباء فوری مدد حاصل کرسکتے ہیں ۔
وفد میں ناصرالدین قاسمی،مفتی حنیف قاسمی،خورشید قاسمی محمود قاسمی بہرائچی،توقیر غازی قاسمی،شمیم خاں قاسمی کے علاوہ اعجاز قاسمی، طارق قاسمی،عبید اللہ قاسمی،مرغوب الرحمان قاسمی،فیصل حمید خان، کلیم قاسمی،جنید قاسمی وغیرہ بھی شامل تھے.